پاکستان
Time 24 اپریل ، 2018

حکومت پر بد اعتمادی کے باعث عوام ٹیکس نہیں دیتے، عمران خان

— فوٹو: بشکریہ عمران خان فیس بک اکاؤنٹ 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کو حکومت پر اعتماد نہیں ہے جس کی وجہ سے کوئی ٹیکس نہیں دیتا۔

لاہور میں شوکت خانم اسپتال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  اللہ ہر کسی کو زندگی بدلنے کا ایک موقع ضرور دیتا ہے اور والدہ کی کینسر کی بیماری نے مجھ میں بدلہ کیوں کہ پاکستان میں کینسر کا کوئی اسپتال نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کی بیماری کے دوران اسپتالوں کو دیکھنے کا موقع ملا اور ملک کے اسپتالوں کی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوتا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ غریب کے لیے کینسر کا علاج کرانا نا ممکن ہے اور وہ اس مہنگے علاج کے لیے سب کچھ بیچ دیتا ہے جب کہ رشتے دار کو علاج کے لیے بیرون ملک لےجانامشکل کام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک دور میں پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا اور برصغیر میں ہم سب سے آگے تھے ، بھارت میں کرکٹ کھیل کر پاکستان واپس آتا تھا تو لگتا تھا کہ غریب ملک سے امیر ملک میں آگیا ہوں لیکن اب وہ بھی ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو حکومت پر اعتماد نہیں ہے جس کی وجہ سے کوئی ٹیکس نہیں دیتا لیکن جب ملک کو عظیم بنانے میں پیسہ لگے گا تو قوم خود ٹیکس دے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک کی اصل طاقت ہیں لیکن جو پیسا غریبوں پرخرچ ہونا تھا وہ محلات پر خرچ کیا گیا تاہم ہمیں ایسی حکومت لانی ہے جو عوام کا پیسہ ان پر ہی خرچ کرے گی۔

عمران خان نے امریکی صدر پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ ٹرمپ جیسے لوگوں کا مقصد صرف پیسا بنانا ہوتا ہے۔

مزید خبریں :