پاکستان
Time 24 اپریل ، 2018

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی روسی بری فوج کے کمانڈر سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے جہاں انہوں نے کریملن پیلس میں روس کی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سالیوکوف سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کریملن پیلس آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اس موقع پر روسی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سالیوکوف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن و استحکام میں پاک فوج کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

کرنل جنرل اولیگ نے مزید کہا کہ پاکستان جغرافیائی و تذویراتی اعتبار سے ایک اہم ملک ہے اور روس پاکستان کے ساتھ موجودہ باہمی عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی بری فوج کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی روس کے ساتھ دوطرفہ عسکری تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے۔

جنرل باجوہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خطے میں پیچیدہ صورتحال کے حل میں معاونت کیلئے روس نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان خطے سے تنازعات کو دور رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ پاکستان ایسی حکمت عملیوں پر عمل پیرا رہنے کا خواہاں ہے جن سے خطے میں انتشار نہیں بلکہ اتحاد کا ماحول پیدا ہو۔

مزید خبریں :