پاکستان
Time 25 اپریل ، 2018

نیب ریفرنسز: نواز شریف کے وکیل کی نیب کے گواہ پر جرح مکمل

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس میں نیب کے نئے گواہ ظاہر شاہ پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح مکمل کرلی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ 

عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت پیر تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر  لندن فلیٹ ریفرنس میں تفتیشی افسر عمران ڈوگر کا بیان قلمبند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

آج سماعت کے دوران نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ جے آئی ٹی کی بھیجی گئی ایم ایل اے کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز میں دو، دو گواہ رہتے ہیں اور لندن فلیٹ ریفرنس میں ایک گواہ رہ گیا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے لندن فلیٹس ریفرنس کے گواہ کو پیش کرنا چاہتے ہیں جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ 'یہ کہتے رہے ہیں کہ ہم العزیزیہ میں بیان قلمبند کرائیں گے ہم نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی تیاری کی ہے اور اب یہ کہہ رہے ہیں کہ واجد ضیاء نہیں آرہے'۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جن دستاویزات کا گواہ نے ذکر نہیں کیا یہ کون ہوتے ہیں انہیں پیش کرنے والے، ٹرائل میں توسیع ہوئی، ہمارا دفاع آنا ہے ہمیں کسی نے نہیں پوچھا۔

نواز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان کا بیان ایک روز ہی کرایا جائے، واجد ضیاء دو دن کا وقت لے کر گئے تھے اب کدھر ہیں۔

سماعت کے دوران خواجہ حارث نے نیب کے نئے گواہ ظاہر شاہ پر جرح مکمل کی تو عدالت نے سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کردی۔ 

عدالت نے کہا کہ لندن فلیٹ ریفرنس میں 30 اپریل کو تفتیشی افسر عمران ڈوگر کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔

مزید خبریں :