پاکستان
Time 25 اپریل ، 2018

سابق چیئرمین این ایچ اے کا چالان کرنے والا موٹر وے اہلکار نوکری سے فارغ

موٹر وے پولیس کا برطرف اہلکار دو سال سے بے روز گار ہے۔ فوٹو: فائل

2016 میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر جرمانہ کرنے والا موٹر وے پولیس کے اہلکار ضیاء اللہ کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا اور وہ دو برس سے بے روزگار ہے۔

دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ کی رپورٹ کے مطابق موٹر وے پولیس کے اہلکار ضیاء اللہ کا قصور یہ تھا کہ اس نے 2016 میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا چالان کردیا تھا جس کے بعد نظم و ضبط کی کارروائی کے تحت پہلے اس کا صوابی سے گوادر تبادلہ کر دیا گیا، پھر الزامات لگا کر پیٹرولنگ افسر سے تنزلی کر کے ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا۔

ایک طرف ضیا اللہ انصاف کے لیے لڑ رہا ہے تو دوسری طرف اس کا محکمہ فیڈرل سروسز ٹریبونل کو برطرفی کی وضاحت فراہم کرنے میں 10 ماہ سے تاخیر کر رہا ہے۔

اسی دوران وفاقی حکومت نے این ایچ اے کے چیئرمین کو جن پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا، انعام میں پوسٹنگ دی اور وہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک میں اعلیٰ عہدے پر ہیں۔

جب کہ اُس وقت کے انسپکٹر جنرل پولیس موٹر وے اب ایک اعلیٰ عہدے پر تعینات ہیں۔

دی نیوز نے 2016 ہی میں مذکورہ واقعے کی خبر دے دی تھی جب ایک ہی دن میں 25 منٹ کے فرق سے چیئرمین این ایچ اے پر رفتار کی حد توڑنے پر 2 بار جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :