پاکستان
Time 27 اپریل ، 2018

مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب سمیت دیگر نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب سمیت دیگر شامل ہیں۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل سمیت دیگر نے وفاقی وزیر  کی حیثیت سے  عہدوں کا حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں حلف برداری کی الگ الگ تقریبات کے دوران وفاقی وزرا نے حلف اٹھایا، وزیراعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

جس کے بعد دوسری تقریب کے دوران مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے  عہدے کا حلف اٹھایا۔

تقریب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین نے لیلہ خان سے وزیر مملکت کے عہدے کا بھی حلف لیا، اس موقع پر اعلیٰ حکام سمیت سیاسی کارکن بھی شریک تھے۔ 

مفتاح اسماعیل کے بطور وزیر خزانہ تقرر کا معاملہ

مفتاح اسماعیل نہ تو قومی اسمبلی کے ممبر ہیں اور نہ ہی سینیٹ کے، اس لئے انہیں آئین کے آرٹیکل 91 کی ذیلی دفعہ 9 کے تحت وفاقی وزیر بنایا گیا ہے۔

آئین کے آرٹیکل 91 کی ذیلی دفعہ 9 کہتی ہے کہ کسی بھی ایسے شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جا سکتا ہے جو قومی اسمبلی کا رکن نا ہو تاہم 6 ماہ کے بعد اس کا وفاقی وزیر کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔

ایسا شخص 6 ماہ بعد اسمبلی کی تحلیل تک اس کا رکن منتخب ہوئے بغیر دوبارہ وزیر نہیں بن سکتا۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار کی طویل رخصت اور پھر ان سے وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں لیے جانے کے بعد سے وزیر خزانہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس تھا۔ 

مزید خبریں :