پاکستان
Time 27 اپریل ، 2018

زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا اور یوٹرن خان نے کے پی اجاڑا، شہبازشریف


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہناہےکہ آصف زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا اور یوٹرن خان نے خیبرپختونخوا کو اجاڑ دیا۔

لاہور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کا بہترین علاج کیا جارہا ہے، میواسپتال کے سرجیکل ٹاور میں یورپ کی طرح ہر قسم کی طبی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا لیکن خیبرپختونخوا میں اداروں کو تباہ کردیا گیا، آصف زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا جب کہ خیبرپختونخوا کا اجاڑ کر قصہ خوانی بازار بنادیا گیا، پشاور میں پانچ سال میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ زرداری اور نیازی مل چکے ہیں، یہ دونوں ہم پیالہ اور ہم نوالہ بن چکے ہیں، انہوں نے ملک کو تباہ کیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہماری جہاں تک نظر پڑی کرپشن کو گلے سے پکڑا، نیب سمیت جتنے ادارے دن رات کھوج لگائیں میں حاضر ہوں، نیب کا بھرپور عمل جاری ہے، وہ کچھ بھی کریں، دوسرے ادارے بھی کارروائیاں کررہے ہیں، اگر میری ذات کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن آگئی، آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کئی سالوں میں کئی سو ارب روپے بچائے، اگر 70 سال میں کسی نے ایسے پیسے بچائے تو اسے سلیوٹ کروں گا، کئی سو ارب بچانے پر تعریف کی ضرورت نہیں لیکن اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اللہ سے ڈرتے ہیں کسی انسان سے نہیں ڈرتے، کسی انسان کے اگے نہیں جھکیں گے۔

مزید خبریں :