پاکستان
Time 28 اپریل ، 2018

کراچی: سپریم کورٹ کی 15 روز میں آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد منتقل کرنے کی ہدایت


کراچی: سپریم کورٹ نے 15 روز میں تمام آئل ٹینکرز شیریں جناح کالونی سے ذوالفقار آباد منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شیریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کھڑے کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس پر عدالت نے آئل ٹینکرز کے شہر میں داخل ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

دوران سماعت کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل مکمل بن چکا لیکن آئل ٹینکرز مالکان ذوالفقارآباد جانے کو تیار نہیں۔

جسٹس گلزار نے کہا کہ آئل ٹینکرزکو پولیس کے ذریعے اٹھاکر شہر سےباہر پھینکیں، اگریہ کام نہیں کرنا چاہتے تو آئل کمپنیاں انہیں آئل دینا بند کریں، اب ہمارے پاس چین کا آپشن موجود ہے، حکومت پاکستان کو کہتے ہیں کہ آئل ٹینکرز کے لیے چین سے بات کرے، شہر میں آئل ٹینکرز کو داخل نہیں ہونے دیں گے۔

عدالت نےکہا کہ حکومت کو چین سے آئل ٹینکرز کے ٹھیکے کی ہدایت کر دیتے ہیں، اب ہر چیز چین کو دو یہی آپشن ہے۔

دوران سماعت آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنما یوسف شاہوانی نے عدالت سے کہا کہ ہم وہاں جانے کے لیے تیار ہیں۔

اس پر عدالت نے تبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ہفتے میں خود ذوالفقار آباد منتقل ہوجائیں، 15 دن بعد پولیس اور رینجرز کے ذریعے شہر سے نکالیں گے۔

عدالت نے 15 روز میں تمام آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں :