پاکستان
Time 28 اپریل ، 2018

مردان کے جلسے میں ایک شخص نے شہباز شریف کی طرف ٹوپی اچھال دی

ٹوپی پھینکنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کے اغواء اور عدم بازیابی کے خلاف احتجاجاً یہ عمل کیا — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

مردان میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں ایک شخص نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف ٹوپی اچھال دی۔

مردان میں مسلم لیگ (ن) کے ہونے والے جلسہ عام کے اختتام پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دے رہے تھے کہ ایک شخص کی جانب سے ٹوپی ان کی طرف اچھالی گئی۔

شہباز شریف پھینکی گئی ٹوپی کو نظر انداز کرتے ہوئے اسٹیج سے اتر کر چلے گئے لیکن ٹوپی پھینکنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کے اغواء اور عدم بازیابی کے خلاف احتجاجاً یہ عمل کیا۔

ٹیکسلا کے رہائشی ہارون نامی شخص کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بیٹی کی بازیابی کیلئے درخواست دینا چاہتا تھا لیکن سیکیورٹی عملے نے شہباز شریف تک پہنچنے نہیں دیا۔

انہوں نے شکایت کی کہ 4 اپریل کو ان کی 17 سالہ بیٹی ٹیکسلا کے ایک مدرسہ سے اغوا ہوئی اور ملزم کی گرفتاری کے باوجود تاحال بازیاب نہ ہوئی۔

یاد رہے کہ مردان میں ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں پارٹی کے صدر و وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خطاب کیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ سیاسی جلسوں اور قائدین پر متعدد بار جوتے اور بوتلیں پھینکی گئی ہیں جس کا نشانہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، عمران خان اور احسن اقبال سمیت کئی رہنما بن چکے ہیں لیکن یہ پہلی بار ہے کہ کسی نے احتجاجاً ٹوپی پھینکی ہے۔

مزید خبریں :