دنیا
Time 29 اپریل ، 2018

شمالی کوریا اپنے جوہری تجربے کے مقام کو مئی میں بند کردے گا

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے حال ہی میں جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا۔ فوٹو:فائل

سیئول: شمالی کوریا اپنے جوہری تجربے کے مقام کو مئی میں بند کردے گا اور طریقے کار کی شفافیت کے لیے امریکی اور جنوبی کوریائی ماہرین کو بھی شمالی کوریا مدعو کیا جائے گا۔

جنوبی کوریا کے صدارتی ترجمان یون ینگ چان نے کہا کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے جنوبی کوریائی ہم منصب سے ملاقات کے دوران اتفاق کیا تھا کہ وہ مئی میں جوہری سائٹ کو بند کر دیں گے۔

ترجمان کے مطابق شمالی کوریا جوہری سائٹ کو بند کرنے کے لئے جلد ہی جنوبی کوریا اور امریکہ کے ماہرین کو مدعو کرے گا تاکہ جوہری سائٹ کو بند کرنے کے عمل کو بین الاقوامی برادری کے سامنے شفافیت کے ساتھ پیش کریں۔

صدر کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا جنوبی کوریا کے وقت کے ساتھ اپنی گھڑی ملائے گا، ابھی شمالی کوریا جنوبی کوریا کے مقابلے میں اپنا مقامی وقت نصف گھنٹے پہلے رکھتا ہے۔

تاہم شمالی کوریا کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ 27 اپریل کو شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات کے دوران خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔

کوریا کی 1953 کی جنگ کے بعد کم جونگ ان پہلے شمالی کوریائی سربراہ ہیں جنہوں نے جنوبی کوریا میں قدم رکھا اور دونوں کوریائی ممالک کے درمیان سربراہی کانفرنس شمالی کوریا سے جنگی دھمکیوں کے چند ماہ بعد ہوئی۔

مزید خبریں :