پاکستان
Time 29 اپریل ، 2018

پنجاب کے مختلف شہروں میں میڈیکل اسٹورز مالکان کی مسلسل چوتھے روز ہڑتال

ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال۔ فوٹو:فائل

لاہور: پنجاب ڈرگ ایکٹ2017 کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے باعث آج مسلسل چوتھے روز بھی میڈیکل اسٹورز بند ہیں۔ 

پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 میں ترمیم کے خلاف ملتان، گوجرانوالہ، کبیروالا، راجن پور، وہاڑی، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، بہاولپور سمیت بیشتر شہروں کی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند ہیں۔

میڈیکل اسٹورز کی بندش کی وجہ سے شہریوں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ 

میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فیصلہ واپس نہ لئے جانے تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔

یاد رہے کہ ڈرگ ایکٹ 2017 کے تحت میڈیکل اسٹور میں ہر وقت ایک ماہر فارماسسٹ کی موجود گی لازمی قرار دی گئی ہے اور میڈیکل اسٹور میں گندگی پر بھی سزا ہو گی۔

نئے ایکٹ کے تحت جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف سزاؤں میں اضافہ کیا گیا ہے اور بغیر لائسنس ادویات بنانے یا فروخت کرنے والوں کو 3 سے 10 سال تک قید کی سزا ہوگی جب کہ 5 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

مزید خبریں :