پاکستان
Time 30 اپریل ، 2018

فاروق ستار کی پیپلز پارٹی پر تنقید، 4 مئی کو ٹنکی گراؤنڈ میں ہی جلسے کا اعلان

ہمارے ٹیکسوں سے ہمیں ہی بھیک دی جارہی ہے، شہری علاقوں کو دیوار سے نہیں لگایا گیا بلکہ دیوار میں چنوایا گیا، فاروق ستار — فوٹو: فائل

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئی، ایم کیو ایم بہادر آباد نے ٹنکی گراؤنڈ پر پیپلز پارٹی کے جلسےکو جلسی قرار دے دیا۔

ایم کیو ایم بہادرآباد نے پانچ مئی کو تیر کا جواب پتنگ سے دینے کا اعلان کردیا جبکہ پی آئی بی گروپ کے فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے ہی ٹیکسوں سے ہمیں بھیک دی جارہی ہے، شہری علاقوں کو دیوار سے لگایا نہیں گیا بلکہ دیوار میں چنوادیا گیا۔

فاروق ستار نے بھی 4 مئی کو ٹنکی گراؤنڈ میں ہی جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے بلاول بھٹو کے لیاقت آباد جلسے پر ردعمل جاری کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ’پییپلز پارٹی نے لیاقت آباد ٹنکی گراؤنڈ پر جلسہ کیا، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے جو کہا وہ سب نے سنا، بلاول بھٹو زرداری یا بلاول زرداری بھٹو کو آئینہ دکھانا ضروری ہے‘۔

فاروق ستار نے کہا کہ کسی زبان کو صوبائی یا قومی زبان بنانے کے ہم خلاف نہیں لیکن اردو کی قیمت پر کسی زبان کو قومی زبان بنانے کے حق میں بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اردو کو رابطہ اور انتظام کی زبان کے طور پر ختم کیا جارہا تھا، اس پراردو بولنے والوں نے احتجاج کیا جس میں شہادتیں بھی ہوئی، جولائی 1972 میں سرکاری سرپرستی میں فسادات کرائے گئے، رئیس امروہی کو یہ کہنا پڑا تھا کہ اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔

فاروق ستار نے کہا کہ بلاول بھٹو کو شہداءِ اردو کے ورثاء سے معافی مانگنی چاہیے۔

کوٹہ سسٹم کے تحت ہماری جائز ملازمتیں چھینی گئیں، فاروق ستار

سربراہ ایم کیو ایم پی آئی بی فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لیاقت آباد میں جو جلسہ کیا وہ ہمارے وسائل سے کیا گیا، طاقت سے قبضہ تو کیا جاسکتا ہے لیکن دلوں میں نہیں اترا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ 30 سال میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں فنڈز نہیں دیئے گئے، کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا جو توسیع نہ ہونے کے باجود آج تک قائم ہے، کوٹہ سسٹم کے ذریعے ہماری جائز ملازمتیں لے لی گئیں، کالجوں میں داخلوں پر پابندی لگائی گئی۔

فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں بھی وفاق کے ساتھ مل کر ہماری آبادی کو کم کیا گیا، سینیٹ میں ہمارے حق نمائدنگی کو چھینا گیا، سب سازشوں میں پیپلز پارٹی شریک رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیکسوں سے ہمیں ہی بھیک دی جارہی ہے، شہری علاقوں کو دیوار سے نہیں لگایا گیا بلکہ دیوار میں چنوایا گیا۔

نفرتوں کے بیج سے پھل بھی نفرتوں کے نکلیں گے، فاروق ستار

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے شہروں کی سیٹیں چھیننے کے لیے پیسہ پانی کی طرح بہایا جارہا ہے، نفرتوں کے بیج سے پھل بھی نفرت کے نکلیں گے، بلاول بھٹو بتائیں کہ لوگوں کے دلوں کو جیتنا ہے یا قبضہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کا مقدمہ اوپن کورٹ میں چلنا چاہیے، عزیر بلوچ کو عدالتوں میں پیش کیا جائے، ہم لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لیں گے۔

خیال رہے کہ لیاقت آباد میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پر نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’مستقل قومی مصبیت نے کراچی والوں کو کچھ نہیں دیا، مشرف کے دور میں ایم کیو ایم ایک مافیا کی طرح کراچی پر قابض تھی، انہوں نے اس دور میں پانی کے منصوبے مکمل کیوں نہیں کیے؟‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے احتجاج کے باوجود انہوں نے کے الیکٹرک کی نجکاری کی، ایم کیو ایم کہتی ہے ووٹ ہمیں دو گالیاں پیپلز پارٹی کو دو، جو ووٹ لیتا ہے کام کرنا اس کی ذمے داری ہوتی ہے‘۔

بلاول نے مزید کہا تھا کہ کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو کراچی کے گٹروں میں بوریاں ڈال کر ایم کیو ایم کی طرح کوئی بند نہیں کرےگا، کوئی واٹر سپلائی کی لائن کے سوراخ بند نہیں کرے گا۔

مزید خبریں :