ٹوئٹر کی صارفین کو پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت

ٹوئٹر نے پاس ورڈ سیکیورٹی کے حوالے سے صارفین کو خبردار کردیا—.فائل فوٹو

سوشل میڈیا کی مقبول ایپلیکیشن فیس بک کے ڈیٹا لیکس اسکینڈل کے بعد اب ٹوئٹر  کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا بھی خطرے میں پڑ گیا۔

ٹوئٹر نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ صارفین اپنا پاس ورڈ تبدیل کرلیں تاکہ ان کا ڈیٹا محفوظ رہے۔

ٹوئٹر کے مطابق اگرچہ پاس ورڈز خفیہ کوڈز میں رکھے جاتے ہیں، تاہم سسٹم میں خرابی کے باعث یہ پاس ورڈز عام ٹیکسٹ کی صورت میں ظاہر ہوگئے ہیں، لیکن اب اس خرابی کو دور کرلیا گیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر نے اپنے تمام صارفین کو بذریعہ نوٹیفکیشن اس معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطاً پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ٹوئٹر کی جانب سے بھیجے گئے نوٹیفکیشن کا عکس—.

ٹوئٹر کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں پاس ورڈ تبدیل کرنے کے ساتھ پاس ورڈ سیکیورٹی کے لیے کچھ ہدایات بھی دیں، جو کچھ یہ ہیں:

  • ٹوئٹر پاس ورڈ دیگر ایپس کے پاس ورڈ سے مختلف رکھا جائے۔
  • پاس ورڈ ایسا تبدیل کیا جائے جسے کسی دوسری ویب سائٹ پر استعمال نہ کیا جاسکے۔
  • لاگ اِن ویریفکیشن کو فعال کیا جائے۔ 
  • پاس ورڈ میں نمبرز، حروف اور خفیہ کیز (keys) کا استعمال ضرور کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ٹوئٹر نے  اپنی پرائیویسی سیٹنگز اَپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

کمپنی کے مطابق پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی صارفین کی آسانی کے لیے کی گئی ہے تاکہ وہ اس بات سے آگاہ رہ سکیں کہ ٹوئٹر کمپنی کیسے ان کا ڈیٹا استعمال کرتی ہے۔

مزید خبریں :