نوازشریف کے بیان پر اپوزیشن رہنماؤں کی شدید تنقید

کراچی: اپوزیشن رہنماؤں نے ممبئی حملوں سے متعلق میاں نوازشریف کے متنازع بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

نوازشریف کے بیان سے بھارت اپنا کیس مضبوط کررہا ہے: فواد چوہدری

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کےرہنما فواد چوہدری نے کہا کہ  نوازشریف کے بیان سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے، بھارتی میڈیا نوازشریف کے بیان کولے کراپناکیس مضبوط کررہا ہے، نوازشریف کے بیان سےپاکستان کے اداروں کونقصان پہنچاہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو دہشت گرد قرار دینے کے بھارتی بیانیے کو دُہرایا، انہوں نے پاکستان پر فائرنگ کے لیے بھارت کو بندوق پکڑادی ہے، تمام جماعتیں سیاست سے بالاتر ہوکر اس کی مذمت کریں، نوازشریف اپنی ذات کو ریاست اور اداروں سے بالاتر سمجھتے ہیں، جو بدقسمتی کی بات ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی پارٹی میں بھی سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، ان کا کارکن اب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

نوازشریف اور شاہد خاقان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں: شیخ رشید

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہا کہ نوازشریف پاکستان میں بادشاہت چاہتے ہیں، ان کا اور شاہد خاقان عباسی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے بیانات سوچ سمجھ کردیے، انہوں نے خدشات بڑھادیے ہیں، آنے والی حکومت پر اقتصادی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ شہبازشریف مریم نواز کے سامنے بھی نہیں بول سکتے، نوازشریف کی مودی سے ملاقات کا دفترخارجہ میں کوئی ریکارڈ نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیان کی وجہ سے بہت سے لوگ (ن) لیگ چھوڑکرچلےجائیں گے۔

نوازشریف کے بیانات سے پاکستان کا امیج خراب ہوگا: کائرہ

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے جیونیوز سے گفتگو کے دوران اپنے رد عمل میں کہا کہ ایسے بیانات سے پاکستان کا امیج خراب ہوگا، نواز شریف نے کہا کہ ان کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، انہوں نے کہا کہ ان کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے، وہ  اداروں کے خلاف اور ان کے بھائی اداروں سے بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔

نوازشریف نے اپنی جماعت کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے: چوہدری شجاعت

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ نوازشریف نے پوری جماعت کو ملک دشمنی کے جرم میں کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے، وزیراعظم صرف مستعفی ہوکرہی اپنی جان چھڑا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :