پاکستان
Time 16 مئی ، 2018

اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح ہو گیا

یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی وجہ سے اس منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کر دیا۔

لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کی افتتاحی تقریب میں چین کے قونصل جنرل، وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسلام پارک کے اسٹیشن سے میٹرو ٹرین کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور اسی اسٹیشن سے ٹرین پر سوار ہوئے۔

شہباز شریف نے آزمائشی سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو لاکھوں شہری ٹرین پر سفر کر رہے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی وجہ سے اس منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوئی۔

اورنج ٹرین کے آزمائشی سفر کے لیے مختلف اسٹیشنز کو سجا گیا اور ٹریک کے اطرف رنگا رنگ پودے  رکھے گئے ہیں جو دلکش منظر پیش کر رہے ہیں۔ 

اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ اس سے قبل 26 فروری کو ٹرین آزمائشی طور پر چلائی گئی تھی تاہم اس وقت سفر بہت محدود تھا، آج ہونے والے آزمائشی سفر میں ٹرین 11 کلو میٹر سفر طے کرے گی۔

ٹرین کے کرائے سے متعلق خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور ہائیکورٹ کے سامنے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

قوم پی ٹی آئی سے اورنج لائن ٹرین منصوبے میں تاخیر کا بدلہ لے گی، شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو لاکھوں شہری ٹرین پرسفرکررہےہوتے۔

انہوں نے کہا کہ قوم پی ٹی آئی سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں تاخیر کا بدلہ لے گی۔

 انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے، پی ٹی آئی کی وجہ سے اس منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوئی، میں عمران خان کی طرح عوام سے جھوٹ نہیں بولوں گا، ساڑھے تین ماہ میں عوام اورنج ٹرین میں سفر کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اور جہازوں میں سفر کرنے والوں کو عوام کی مشکلات کا نہیں پتا، نیازی صاحب آپ نے اس قوم کے 22 ماہ ضائع کیے، عمران خان میرا قصور یہ ہے کہ میں نے اورنج لائن بنائی تو عوام کے لیے بنائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جنگلہ بس کبھی نہیں بناؤں گا، خیبر پختونخوا میں نہ اسکول بنے نہ اسپتال بنا اور اب جنگلہ بس بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اب 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے جہاز کو ڈبونا ہے، نیازی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے ، وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’میں نے مختلف منصوبوں میں عوام کے اربوں روپے بچائے ، میں نے اربوں روپے بچائے ہیں تو اس کی تعریف تو کردو، اورنج ٹرین لے گئی بازی، تکلیف میں ہے نیازی‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہ اکہ نوازشریف کی قیادت میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگے، میں جان لڑا دوں گا، پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا کر دم لوں گا۔

شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری پر بھی تنقید کی اور کہا کہ زرداری بھی اب مداری بن کر آرہا ہے، بنی گالہ اور بلاول ہاؤس ہم نوالہ و ہم پیالہ ہیں، کام انھوں نے اپنے صوبوں میں نہیں کیا اور کہتے ہیں شہبازشریف خطرناک ہیں۔

مزید خبریں :