وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز شریف سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز شریف سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ 

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی جس میں پارٹی قائد نواز شریف، پارٹی کے صدر شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریک تھے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ملکی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ 

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ملاقات کی تھی اور انہیں قومی سلامتی اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ نواز شریف کے متنازع انٹرویو بیان کے بعد ملکی سیاست میں گرما گرمی عروج پر پہنچ چکی ہے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بیان کی شدید مذمت کی گئی جب کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد نواز شریف کے بیان کو متفقہ طور پر مسترد کیا گیا۔

نواز شریف کے بیان کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست زیرسماعت ہے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی گزشتہ روز منظور کی۔

 نواز شریف کا متنازع بیان

ایک انٹرویو کے دوران ممبئی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں نان اسٹیٹ ایکٹرز ہیں اور ممبئی حملوں کے لیے پاکستان سے غیر ریاستی عناصر گئے، کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کردیں، بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کرسکے۔

نواز شریف کے بیان پر بھارتی میڈیا نے اسے پاکستان کے خلاف استعمال کیا جب کہ ملکی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف کے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔

مزید خبریں :