دنیا
Time 16 مئی ، 2018

غزہ کی صورتحال پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

اسرائیلی فوج کے مظالم کے نتیجے میں گزشتہ چند روز کے دوران 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں—گیٹی فوٹو۔

قاہرہ: اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی مظاہرین کی شہادت کے معاملے پر عرب لیگ نے ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا۔

اجلاس میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم سے متعلق گفتگو کی جائے گی جبکہ اسرائیلی مظالم کےخلاف قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

قرارداد میں امریکی سفارتخانےکی منتقلی کی مذمت بھی شامل ہوگی۔

عرب لیگ وزرائےخارجہ کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ دو روز کے دوران فائرنگ سے 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

14 مئی کو غزہ کی پٹی پر مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے شرکت کی تھی۔

تاہم اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے معصوم بچوں سمیت 60 سے زائد افراد شہید اور 2700 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جمعہ 18 مئی کو 'یوم یکجہتی فلسطین' منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترکی نے 18 مئی کو غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بلا لیا ہے، جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

مزید خبریں :