کراچی: پہلی سحری پر بھی بجلی غائب، کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا الزام مسترد کردیا


کراچی: رمضان المبارک کے پہلے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔

جیو نیوز کے مطابق کورنگی اور لانڈھی کے مختلف علاقوں، گلشن اقبال، گارڈن، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں بجلی معطل رہی۔

دوسری جانب کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ 

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ ایک یونٹ پر کام کے باعث کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے، لہذا مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ نہ کہا جائے۔

رمضان کے پہلے ہفتے میں شدید گرمی کی پیشگوئی

دوسری جانب کراچی میں رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کے سبب 8 دن تک پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم کی صورتحال

پہلے روزے کو دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں راولپنڈی، لاہور گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد،  ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال میں بارش کی پیشگوئی کی گئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شہروں کوئٹہ اور ژوب سمیت خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔


مزید خبریں :