نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست مسترد

نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی۔ فوٹو:فائل

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی پاکستان عوامی تحریک کی درخواست مسترد کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ 

جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں درخواست گزار کو پہلے متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے 14 مئی کو لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے اس لیے اُن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

سابق وزیراعظم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے قابل سماعت قرار دے کر  ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

نواز شریف کا متنازع بیان

12 مئی کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں نان اسٹیٹ ایکٹرز ہیں اور ممبئی حملوں کے لیے پاکستان سے غیر ریاستی عناصر گئے، کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کردیں، بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کرسکے۔

نواز شریف کے بیان پر بھارتی میڈیا نے اسے پاکستان کے خلاف استعمال کیا جب کہ ملکی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف کے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔

سابق وزیراعظم کے متنازع بیان پر 14 مئی کو پاک فوج کی تجویز پر قومی سلامتی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں قومی سلامتی کونسل نے نواز شریف کے بیان کو مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کو متفقہ طور پر مسترد کیا۔

14 مئی کو ہی نواز شریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ممبئی حملوں سے متعلق دیا گیا بیان اپنے موبائل فون سے صحافیوں کو دوبارہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ چاہے جو کچھ بھی سہنا پڑے حق بات کروں گا اور میں نے جواب مانگا تھا میرے سوال کا جواب آنا چاہیے تھا۔

مزید خبریں :