کھیل
Time 18 مئی ، 2018

آئی سی سی پر تنقید: پی سی بی نے حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیج دیا

محمد حفیظ نے اپنے انٹرویو میں آئی سی سی کے مشکوک بولنگ ایکشن کے قانون پر تنقید کی تھی۔ فوٹو:فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو شو کاز نوٹس بھیج دیا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس بھجوادیا گیاہے۔

پی سی بی کا کہنا ہےکہ محمد حفیظ نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، ان سے 7 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں، اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔

آل راؤنڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 30،25 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔

یاد رہے کہ 37 سالہ پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا تین مرتبہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہوچکا ہے اور حال ہی میں آئی سی سی نے انہیں بولنگ کی اجازت دی ہے۔

مزید خبریں :