ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق پاکستانی طالبہ کی میت پاکستان روانہ


ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں ساتھی طالب علم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کی میت نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے آج وطن پہنچے گی۔

سبیکا عزیز شیخ کا جسد خاکی امریکا سے ترکش ایئرلائنز کے ذریعے پاکستان روانہ کردیا گیا ہے، ان  کی میت لانے والی پرواز براستہ استنبول کراچی پہنچے گی۔

 طالبہ کی میت وطن واپس لانے کے سلسلے میں تمام اخراجات پاکستانی قونصل خانہ ادا کر رہا ہے جب کہ میت کے ہمراہ سبیکا کی کزن شہیرا بھی ہوں گی۔

سبیکا کی نماز جنازہ ادا

اس سے قبل سبیکا عزیز کی نماز جنازہ ہیوسٹن میں ادا کردی گئی۔

سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ہیوسٹن کے علاقے شوگر لینڈ کی مسجد صابرین میں نماز ظہر کے بعد ادا کی گئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی اور مقامی حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی کےصدر سعید شیخ بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

سبیکا کی نماز جنازہ ہیوسٹن کے علاقے شوگر لینڈ کی مسجد صابرین میں نماز ظہر کے بعد ادا کی گئی—۔ فوٹو/ اے ایف پی

اس موقع پر دعائیہ تقریب میں میئر ہیوسٹن سلویسٹر ٹنر، رکن کانگریس آل گرین، ٹیکساس سے رکن کانگرس شیلا جیکسن، پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی سمیت خواتین کی بھی بڑی تعدادشریک ہوئی۔

سبیکا کی نماز جنازہ کےموقع پر مسجد حمزہ کے سامنے گن کنٹرول کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔

میئر ہیوسٹن نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'سبیکا ایک شیخ فیملی کی بچی تھی، لیکن وہ ہماری بھی بچی تھی، بالکل ان بچوں کی طرح جو اس واقعے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے'۔


انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی دعوت دینے پر پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کا بھی شکریہ ادا کیا۔



امریکا میں سبیکا عزیز شیخ، جیسن کوگ برن اور جولین کوگ برن کے گھر پر مقیم تھیں، انہوں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پاکستانی طالبہ سبیکا سمیت ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق افراد کی یاد میں شمعیں روشن ہیں—۔ فوٹو/ رائٹرز

اس موقع پر جیو نیوز سے خصوصی بات چیت میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے بتایا کہ سبیکا کی میت منگل کی صبح کراچی پہنچے گی۔

جاں بحق طالبہ کی کزن شہیرا نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 'سبیکا کی والدہ سکتے کی کیفیت میں ہیں، ہم شاید اس صدمے سے ساری زندگی نہ نکل پائیں'۔

ٹیکساس ہائی اسکول فائرنگ

کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔

وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں جمعہ (18 مئی) کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔

فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور دمیتری پارگورٹسز کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو اسی اسکول کا طالب علم ہے۔

مزید خبریں :