دنیا
Time 21 مئی ، 2018

اماراتی حکومت کی سرمایہ کاروں اور پروفیشنلز کیلئے 10 سالہ رہائشی ویزا کی منظوری

رہائشی ویزا سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد رواں سال کے اختتام پر ہوگا۔ فوٹو:فائل

دبئی: متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاروں اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد اور ان کے اہلخانہ کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزا کی منظوری دے دی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس کے دوران نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی گئی۔

نئی پالیسی کے تحت ملک میں سرمایہ کاروں، ڈاکٹروں، انجینئروں، سائنسدانوں اور محقیق سمیت مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزا جاری کیا جائے گا۔

اماراتی حکومت کے اس فیصلے کی روشنی میں سرمایہ کار اپنی کمپنی کے 100 فیصد خود مالک ہوں گے جب کہ اس سے قبل سرمایہ کاروں کو یو اے ای میں سرمایہ کاری کی صورت میں 49 فیصد حق ملکیت ملتا تھا۔

فیصلے کی روشنی میں متحدہ عرب امارات میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے آنے والے غیرملکی طلبا کو 5 سالہ رہائشی ویزہ بھی جاری کیا جائے گا۔ 

غیرمعمولی صلاحیت کے حامل طلبا کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزہ جاری کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رواں سال کے اختتام پر کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ سرمایہ کاروں اور جدت پسند افراد کو خوش آمدید کہتا ہے اور کہتا رہے گا۔ 

مزید خبریں :