دنیا
Time 21 مئی ، 2018

برطانوی شاہی محل نے ہیری اور میگھن شادی کی 3 خصوصی تصاویر جاری کردیں

برطانوی شاہی محل نے ہیری اور میگھن شادی کی 3 خصوصی تصاویر جاری کردیں— فوٹو: بشکریہ برطانوی شاہی محل ٹوئٹر

برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے سپوت شہزاد ہ ہیری اور ان کی دلہنیا میگھن مارکل کو شادی کے موقع پر دنیا بھر سے تحائف موصول ہوئے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے تحفوں کی جگہ 7 فلاحی اداروں کے لیے عطیے کی گزارش کے باوجود دونوں کے لیے تحفوں کا انبار لگ گیا۔

سب سے قیمتی تحفہ ملکہ برطانیہ نے دیا، انہوں نے سینڈرنگم میں واقع تاریخی ’یارک کاٹیج‘نوبیاہتا جوڑے کو تحفے میں دیا۔

آسٹریلوی حکومت نے اپنے ایک چڑیا گھر میں کوالاز کی جوڑی کو ہیری اور میگھن کے نام سے منسوب کردیا جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بُل نے خصوصی آسٹریلوی ثقافت کی آئینہ دار ہیٹ پیش کی اور ساتھ ہی 10 ہزار ڈالر عطیہ کیے۔

فوٹو: بشکریہ برطانوی شاہی محل ٹوئٹر

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے لگژری برینڈ ’ڈوپونٹ‘ کا جیمس بانڈ کی تھیم پر بنایا گیا گفٹ سیٹ پیش کیا۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کے کھیلوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے لیے 50 ہزار ڈالرزعطیے کا اعلان کیا۔

پاکستان کی قومی ایئرلائن نے ہیری میگھن کے لئے ہنی مون کی میزبانی کی پیشکش کردی۔ماضی میں لیڈی ڈائینا کی طرح جنت نظیر شمالی علاقہ جات کی سیرکی دعوت دے ڈالی۔

بھارت کے شہر ممبئی کے آرٹ اسکو ل نے رنگولی کی طرز پر پینٹنگ تیار کرکے شاہی جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔

شادی کے بعد ہیری اور میگھن نوٹنگھم کاٹیج میں رہیں گے۔ کینسنگٹن محل کے ساتھ ہی دو بیڈروم، دو لانگ رومز، ایک باتھ روم اور باغ پر مشتمل یہ ننھا سا خوبصورت گھر شہزادہ ہیری کے بچپن کی یادگار ہے اور حال ہی میں شہزادہ ولیم اور کیٹ کے زیر استعمال تھا۔

شادی کے موقع پر شہزادہ ولیم کے برابر میں خالی کرسی کے بارے میں بین الاقوامی میڈیا کی قیاس آرائیاں غلط ثابت ہوئیں۔ شاہی خاندان سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے خصوصی جریدے کے مطابق کرسی پیچھے بیٹھی ملکہ برطانیہ کے لیے خالی چھوڑی گئی تھی تاکہ انہیں سامنے کے مناظر دیکھنے میں دشواری نہ ہو، نہ کہ آنجہانی لیڈی ڈائینا کے لیے۔

فوٹو: بشکریہ برطانوی شاہی محل ٹوئٹر

شاہی خاندان نے شادی کی 3خصوصی فیملی تصاویر بھی جاری کردی ہیں جن میں ننھی شہزادی شارلٹ اور شہزادہ جارج سمیت شرارتی بچوں کی ٹولی کے ساتھ بنائی گئی تصویر نے سب کے دل جیت لئے ہیں۔

خیال رہے کہ صرف امریکا میں 3 کروڑ افراد نے شاہی شادی کی تقریب براہ راست دیکھی جسے 15 نیٹ ورکس نے نشر کیا۔

2011 میں کیٹ اور شہزادہ ولیم کی شادی کو دو کروڑ 30 لاکھ جبکہ 1981 میں لیڈی ڈائینا اور شہزادہ چارلس کی شادی کو ایک کروڑ 70 لاکھ امریکیوں نے دیکھا تھا۔

خیال رہے کہ 19 مئی کو برطانوی شہرادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

مزید خبریں :