دنیا
Time 22 مئی ، 2018

افغان صوبہ غزنی میں طالبان کے حملوں میں افسران سمیت 14 پولیس اہلکار ہلاک

طالبان نے صوبہ غزنی کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں۔ فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے صوبہ غزنی کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں پولیس افسران سمیت 14 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے صوبہ غزنی کے اضلاع جگاتو، آجرستان، قراباغ اور ڈی یاک میں پولیس کی چیک پوسٹوں اور ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

طالبان کے حملوں کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف اور ریزرو یونٹ کے کمانڈر سمیت 14 افسران و اہلکار ہلاک ہوگئے۔

صوبائی کونسل ممبر حسن رضا یوسفی کے مطابق پولیس کے 7 افسران ضلع ڈی یاک میں ہلاک ہوئے جن میں پولیس چیف فیض اللہ طوفان اور ریزرو یونٹ کے کمانڈر حاجی برکت شامل ہیں۔

صوبائی ترجمان عارف نوری کے مطابق طالبان کے حملوں میں ضلع جگاتو اور ڈی یاک میں 12 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ضلع ڈی یاک میں پولیس ہیڈکوارٹر پر حملے کے دوران متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنالیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :