مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کا 100 دن کا ایجنڈا فیل قرار دے دیا


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کےرہنماؤں نے عمران خان کے 100 روزہ پلان پر تنقید کرتے ہوئے اسے فیل قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کےرہنماؤں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، ہارون اختر اور وزیر توانائی اویس لغاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور عمران خان کے 100 دن کے پلان پر شدید تنقید کی۔

نقل کے لیے بھی عقل کی چاہیے: وزیر داخلہ احسن اقبال

احسن اقبال نےکہا کہ ہماری سیاست میں شعبدہ بازوں کی کمی نہیں، شعبدہ بازنے 100 دن کا پروگرام پیش کیا، ہم نے جب ان کا 100 دن کا پروگرام دیکھا توہنسی آئی کیونکہ نقل کے لیے بھی عقل چاہیے۔

انہوں نےکہاکہ عمران خان کا 100 دن کا پروگرام حقیقت پرمبنی نہیں، انہوں نے 2013 میں بھی خیبرپختونخوا کے لیے 90 دن کا ایجنڈا دیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی پانچ سال کی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔

وزیر داخلہ کا کہناتھاکہ عمران خان نیٹو کمانڈرہے، نوایکشن ٹاک اونلی، آپ عمران خان سے جتنی مرضی تقریریں کرالیں مگرعمل زیرو ہوتا ہے، 100 دن کا ایجنڈا دیکھیں، حکومت میں احتساب کرنے کا دعویٰ کیا، خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالا لگادیا گیا، پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے کرپشن کے الزامات لگائے، پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر کو فارغ کردیا گیا، اتحادیوں کو کرپشن کے الزامات پر باہر نکالا پھر واپس لے لیا۔

پی ٹی آئی صرف واٹر پالیسی سمجھا دے ہم مان جائیں گے: اویس لغاری

اس موقع پر وزیر توانائی اویس لغاری نےکہا کہ جنوبی پنجاب پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا کہا گیا، جنوبی پنجاب پر ہم تو قراردادیں منظور کرچکے ہیں، واٹر پالیسی دو ہفتے قبل پرویز خٹک کے دستخطوں سے جاری کی گئی، یہ صرف واٹر پالیسی ٹی وی پر آکر سمجھا دیں ہم مان جائیں گے۔

ہارون اختر کا کہنا تھا کہ لوٹی دولت واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا کہا گیا، آج تک دنیا بھر میں کوئی ٹاسک فورس ڈنڈے سے پیسے نہیں لاسکی، جو قانونی طریقہ ہے ہم نے وہ اختیار کیا اور ممالک سے معاہدے کیے۔

عمران خان کے پلان پر5 سال میں 8 ٹریلین لاگت آئے گی: مفتاح اسماعیل

پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا کہ عمران خان کے 100 دن کے ویژن پر لاگت کیا آئے گی؟ نیا صوبہ بنانے پر 50 ارب روپے لگیں گے، 80 لاکھ خاندانوں کی امداد کے لیے 185ارب لاگت آئے گی، ایک کروڑ نوکریوں کے لیے 140 ارب روپے لگیں گے، سالانہ 50 لاکھ گھر بنانے پر 100 ارب لاگت آئے گی اور مجموعی طورپر 1598 ارب روپے سالانہ لاگت آئے گی۔

وزیر خزانہ نےکہاکہ عمران خان کے پلان پر5 سال میں 8 ٹریلین لاگت آئے گی، مجموعی خسارہ 4 سے بڑھ کر8.9 فیصد تک پہنچ جائے گا لہٰذا عمران خان سے پوچھیں سالانہ 1600 ارب کہاں سے لاؤ گے بھائی؟ 

مزید خبریں :