نوازشریف کا مقصد صرف اپنی جائیداد بچانا ہے: فواد چوہدری


اسلام آباد: تحریک انصاف کےرہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نوازشریف کو اپنے کیے گئے اقدامات پر کوئی افسوس نہیں اور ان کا مقصد صرف اپنی جائیداد بچانا ہے۔

نوازشریف کی پریس کانفرنس پر جوابی پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نےکہا کہ نوازشریف نے ضیاالحق کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، نوازشریف کونسلر کا الیکشن نہیں لڑپائے انہیں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیا۔

انہوں نےکہاکہ اگر بھٹو اور بے نظیرکی روح کو موقع ملے تو استغاثہ کے سب سے بڑا گواہ بھی بھٹو اوربے نظیر ہوں گے، نوازشریف دوسرے کے لیے بہت برے جج اپنے لیے اچھے وکیل ہیں، انہیں اپنے کیے گئے اقدامات پرکوئی افسوس نہیں۔

فواد چوہدری کاکہنا تھاکہ نوازشریف کا شکوہ ہے کہ ان کے خلاف اسکینڈل کی تحقیقات کیوں ہوئی؟پاناما لیکس کا معاملہ جرمنی میں سامنے آیا تھا، پاناما پیپرز پر آئس لینڈ کے وزیراعظم کوگھرجانا پڑا، پاناما کا معاملہ سامنے آیا تو منی لانڈرنگ کے خلاف پوری دنیا میں ایک مہم چلی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ نوازشریف کامقصد اپنی جائیداد بچانا ہے، انہیں پاکستان سے محبت ہوتی تو 300 ارب روپے باہر نہیں جاتے، نوازشریف کہتے ہیں کہ ان کے بیٹوں پرپاکستانی قوانین لاگونہیں ہوتے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ نوازشریف صاحب سازشی تھیوری مت ڈھونڈیں، وہ پاکستان کے سیاسی ماحول کوخراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کے نزدیک صرف ان کی ذات کی اہمیت ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ قومی اسمبلی میں پہلے روز عمران خان نے نوازشریف کومبارک باد دی تھی، عمران خان نے اسی روز چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، دھرنا اس لیے ہوا کہ نوازشریف چارحلقے کھولنے کے اپنے وعدے سے مکر گئے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ عمران خان پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، میاں صاحب کو یقین دلاتے ہیں عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی احتساب کا عمل تیز ہوگا رکے گانہیں۔

فواد چوہدری کی جیونیوز سے گفتگو

اس سے قبل جیونیوز سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کا بیان غور سے سنا، یہ ایک سیاسی بیانیہ ہے جو وہ جلسوں میں دیتے ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کا قانونی بیانیہ کہاں ہے، قانونی طور پر دو بنیادی سوال پوچھے گئے، ایون فیلڈ کے ذرائع کہاں سے آئے اور 300 ارب روپیہ کہاں سے آیا؟

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف نے منی ٹریل پر کوئی بات کی اور نہ ہی پیسوں کے ذرائع پر، انہوں نے جو باتیں عدالت میں کیں وہ جلسوں میں بھی کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا نوازشریف نے عدالت میں سیاست کی کوشش کی ہے جس کا انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا، بہتر ہوتا نوازشریف قانونی کیس قانونی طریقے سے لڑتے اور سیاست باہر رکھتے، انہوں نے سوال چنا اور جواب گندم دیا، بات کیا ہورہی ہے اور جواب کیا تھا، ان کی سازشی تھیوری عدالت کو متاثر نہیں کرے پائے گی، انہیں قانونی جواب دینا چاہیے تھا۔

مزید خبریں :