دنیا
Time 23 مئی ، 2018

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ کے درمیان شیڈول ملاقات کھٹائی میں پڑگئی

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ ان کی ملاقات آئندہ ماہ شیڈول ہے۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جانگ ان کے درمیان آئندہ ماہ سنگاپور میں شیڈول ملاقات کھٹائی میں پڑ گئی۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان امریکی ہم منصب سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچے، اس موقع پر شمالی کوریا کے سپریم لیڈر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے صدور نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی جس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات نہ ہوئی تو شاید یہ بعد میں ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم بعض شرائط شمالی کوریا سے منوانا چاہتے ہیں، ان کے خیال میں وہ اپنی شرائط منوا لیں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو کم جانگ ان سے ملاقات بھی نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ کم جانگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات طے ہے۔

حال ہی میں امریکی اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا نے اعتراض اٹھاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے کم جانگ ان کی ملاقات کی منسوخی کا عندیہ دیا تھا۔

مزید خبریں :