مشرف نواز شریف کی مرضی سے ملک سے باہر گئے: شاہ محمود

شاہ محمود قریشی اور خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نواز شریف کی مرضی سے ہی ملک سے باہر گئے۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل تھا اور وزارت داخلہ نے ان کا نام ایس سی ایل سے نکالا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے وزیراعظم کے بغیر فیصلہ نہیں کر سکتی۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے شاہ محمود قریشی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں جتنی جان تھی اتنی دیر پرویزمشرف کو روکا گیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ ان کا نام عدالت کے حکم پر ای سی ایل سے نکالا، جمہوریت کو کمزور کرنے میں عمران خان کی جماعت کا مرکزی کردار رہا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نفرت کے جو بیج بوئے گئے تھے آج وہ کاٹ رہے ہیں، کون امپائر کی آوازیں نکالتا تھا، کون پارلیمنٹ کو لعن طعن کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا جنگلہ توڑا گیا، ٹاک شوز میں تھپڑ مارے جا رہے ہیں، سیاہی پھینکی جا رہی ہے، جوتے اچھالے جا رہے ہیں، کوئی ایک دوسرے کی شکل نہیں دیکھنا چاہتا۔

مزید خبریں :