پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیراعظم

حکومت 31 مئی تک قائم رہے گی اور 60 روز کے اندر الیکشن ہوں گے، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل کی منظوری میں معاونت پر اپوزیشن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بل کی منظوری کے لیے ہمارا ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل کے نتائج پاکستان کے لیے مثبت ہوں گے اور آج ایوان نے ثابت کیا کہ قومی اتفاق رائے پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل ابتدا ہے اور ہمیں فاٹا کے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہے تاکہ انہیں محسوس ہو کہ وہ بھی پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح برابر کے شہری ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ایوان میں قومی یکجہتی والے روز کوئی متنازع بات نہیں ہونی چاہیے تھی، سب جانتے ہیں کہ دھرنا کیوں ہوا اور کس نے کیا اور پاناما میں کیا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو منی لانڈرر کہنا اخلاق کے تقاضے کے منافی ہے، آج ایوان میں ایسا متنازع معاملہ نہیں لانا چاہیے تھا جس سے کسی کا استحقاق مجروح ہو اور جس سے نفرت کا پہلو سامنے آئے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان میں نفرت، گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 31 مئی تک قائم رہے گی اور 60 روز کے اندر الیکشن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان الیکشن میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

مزید خبریں :