ملک ریاض کا ’ففٹی ففٹی‘ کے اداکار ماجد جہانگیر کے طبی اخراجات اٹھانے کا اعلان

لوگوں کو ہنسانے والے ففٹی ففٹی کے مشہور مزاحیہ فنکار ماجد جہانگیر کافی عرصے سے فالج کا شکار ہیں اور انہوں نے علاج کے لیے پرستاروں سے مدد کی اپیل کی تھی— فوٹو: فائل

چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین نے مشہور مزاحیہ پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ کے مایہ ناز اداکار ماجد جہانگیر کے طبی اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔

اطلاعات کے مطابق لوگوں کو ہنسانے والے ففٹی ففٹی کے مشہور مزاحیہ فنکار ماجد جہانگیر کافی عرصے سے فالج کا شکار ہیں اور انہوں نے علاج کے لیے اپنے پرستاروں سے مدد کی اپیل کی تھی۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ان کی ایک تصویر بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں انہیں ایک گاڑی پر بینر لگائے مدد کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ایک موبائل فون نمبر 3022407374(92) بھی دیا گیا تھا تاکہ جو لوگ ان کی مدد کرنا چاہیں اس نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

جیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ماجد جہانگیر نے بتایا کہ ان کی زندگی میں چیلنجز بڑھتے ہی جارہے ہیں اور جسم کا کچھ حصہ ناکارہ ہونے کی وجہ سے وہ ملازمت بھی نہیں کرسکتے۔

ماجد جہانگیر کی اہلیہ نے بتایا کہ تین برس قبل ان کے شوہر کو فالج کا حملہ ہوا اور انہیں ہر ہفتے ڈاکٹر کے پاس جانا پڑتا ہے۔

ان کی اہلیہ نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر وہ اپنے شوہر کے ساتھ لاہور منتقل ہوگئی تھیں۔

ماجد جہانگیر نے بتایا کہ 2016 کے وسط میں آخری بار سندھ حکومت کی جانب سے شرمیلا فاروقی اور صدر ممنون حسین کی جانب سے مالی معاونت کی پیشکش کی گئی تھی لیکن اس کے بعد گورنر اور وزیراعلیٰ کو متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود کوئی امداد نہیں ملی۔

تاہم اب بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے ماجد جہانگیر کے طبی اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔

مزید خبریں :