روسی مشتبہ پروگرام دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو متاثر کررہا ہے، ایف بی آئی

صارفین اور کمپنیاں انٹرنیٹ سے منسلک اپنے راؤٹرز کو ایک بار ری بوٹ کرلیں اور پھر تھوڑی دیر بعد آن کرلیں تو مسئلہ عارضی طور پر حل ہو جائے گا—۔فوٹو/ بشکریہ بینک انفو سیکیورٹی ڈاٹ کام

امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بورڈ آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والی کمپنیوں اور صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ایک روسی مال ویئر پروگرام راؤٹرز کے ذریعے کمپیوٹرز میں وائرس منتقل کر رہا ہے اور سسٹمز کو متاثر کررہا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے اعلان کیا کہ مذکورہ مال ویئر ویب ٹریفک کو بلاک کرنے، ڈیٹا اکٹھا کرنے اور ڈیوائس کو مکمل طور پر بند کردینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق اس کے حل کے لیے ابتدائی طور پر صارفین اور کمپنیاں انٹرنیٹ سے منسلک اپنے راؤٹرز کو ایک بار ری بوٹ کرلیں اور پھر تھوڑی دیر بعد آن کرلیں تو مسئلہ عارضی طور پر حل جائے گا۔

دوسری جانب صارفین کو ڈیوائس کے فرم ویئر کو اپ گریڈ کرنے اور پاس ورڈ تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق 54 ممالک کے کم از کم 5 لاکھ راؤٹرز اس مال ویئر سے متاثر ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  A.P.T. 28 اور فینسی بیئر (Fancy Bear) کے نام سے مشہور اس گروپ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اسے روسی ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

امریکی اور یورپیئن انٹیلی جنس ایجنسیز کی رپورٹ کے مطابق اسی گروپ نے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کا ڈیٹا ہیک کیا تھا۔



مزید خبریں :