Can't connect right now! retry
پاکستان
Thursday Jun 07 2018

علاؤالدین مری بلوچستان اور پروفیسر حسن عسکری پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ مقرر

فوٹو:فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پروفیسر حسن عسکری اور بلوچستان کے لیے علاؤالدین مری کے ناموں کا اعلان کردیا۔

نگران وزیراعلیٰ کے لیے پنجاب اور بلوچستان میں حزب اقتدار اور حزب مخالف میں فیصلہ نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا تاہم آج الیکشن کمیشن حکام نے مشاورت کے بعد دونوں صوبوں کے نگران وزیراعلیٰ کے ناموں کا اعلان کیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چار نام الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے، جن میں تحلیل شدہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈمرل (ر) ذکاء اللہ اور جسٹس (ر) سائر علی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام شامل تھے۔

اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران بھی شریک ہوئے۔

باہمی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر پروفیسر حسن عسکری کے نام کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے کہا کہ (ن) لیگ تحفظات کا اظہار کر رہی ہے تو یہ ان کا حق ہے، رائے دینا ان کا حق ہے وہ میرے بارے میں کہتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کروں گا، مجھے الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا ہے، الیکشن کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بناوں گا، کوئی پارٹی پریشان نہ ہو۔

حسن عسکری کہنا تھا کہ مخالفین دوسروں کے بارے میں رائے دیتے رہتے ہیں، اگر (ن) لیگ نےتقرری چیلنج کرنی ہے تو کرےکوئی فرق نہیں پڑتا، میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کروں گا۔

پروفیسر حسن عسکری کون ہیں؟

پروفیسر حسن عسکری ایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں۔

انہوں نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کیا، جہاں انہیں فل برائٹ اسکالر شپ دی گئی۔

پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔

انہیں جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی  اور سیکیورٹی امور پر خصوصی دسترس حاصل ہے۔

پروفیسر حسن عسکری نے پاکستان میں جمہوریت اور سیاست پر کئی کتب لکھی ہیں، ان کی اکثر تصانیف کا موضوع سول ملٹری تعلقات رہا ہے۔

پروفیسر حسن عسکری اخبارات اور جرائد میں آرٹیکل بھی لکھتے رہے ہیں۔

23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کون ہیں ؟

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کا تعلق بلوچستان سے ہے جو 1980 میں ضلع مستونگ کے علاقے کلی اشکنہ میں پیدا ہوئے۔

علاؤالدین مری نے ابتدائی تعلیم تعمیر نو اسکول کوئٹہ سے حاصل کی اور یونیورسٹی آف خضدار انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

نامزد نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ذاتی کاروبارشرو ع کیا جس سے وہ اب تک منسلک ہیں۔

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM