عمران خان عمرہ ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے

فوٹو:فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان عمرہ ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ علیم خان، زلفی بخاری، عون چوہدری بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ اور قریبی دوست زلفی بخاری کے ہمراہ گزشتہ دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔

زلفی بخاری کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ہمراہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہونا تھا اور ایف آئی اے حکام نے انہیں نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث روک دیا تھا۔

زلفی بخاری نے اپنا نام نکلوانے کے لیے کافی تگ و دو کی اور وزارت داخلہ کے حکام سے اجازت ملنے پر وہ عمران خان کے ساتھ سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

ذرئع کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کو 6 دن کے لیے عمرے پر جانے کی اجازت دی تھی۔

عمران خان دو روز قبل عمرے کی ادائیگی کے لیے خصوصی طیارے سے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اترے تو وہ ننگے پاؤں تھے۔

عمران خان کی طیارے سے ننگے پاؤں اترنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوئی جس پر ان کے مخالفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ ان کے چاہنے والوں نے عمران خان کے اس عمل کو سراہا۔

ایک انٹر ویو میں عمران خان نے اپنے اس عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ میں بغیر جوتوں کے آنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ادب میں ہے۔

مزید خبریں :