کھیل
Time 13 جون ، 2018

اسکاٹ لینڈ کو 84 رنز سے شکست، سیریز اور میچ پاکستان کے نام

عثمان خان کائل کٹزر کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں—اے ایف پی۔

ایڈن برگ: اسکاٹ لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم نے 84 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئی بھی اسکاٹش بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا اور پوری ٹیم 82 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اننگز کے پہلے اوور میں ہی اسکاٹ لینڈ کو جارج منسی کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے عثمان خان کی گیند کا شکار بنے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین رچی بیرنگٹن تھے جو 20 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے تین اسکاٹش بلے بازوں کو آؤٹ کیا—اے ایف پی فوٹو۔

کپتان کائل کٹزر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور عثمان خان کی گیند پر ایک رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ ڈائلن بج چار رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

آگے آنے والے بیٹسمین بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 82 رنز بناکر 15ویں اوور میں ڈھیر ہوگئی۔

اسکاٹ لینڈ کی اننگز میں تین بلے باز رن آؤٹ بھی ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، عثمان خان نے دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 167 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر دوسرے میچ میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، احمد شہزاد اور فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔

چھٹے اوور کے اختتام پر گرین شرٹس نے بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنالیے تھے تاہم آٹھویں اوور میں احمد شہزاد 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئےجبکہ اس کے اگلے ہی اوور میں فخر زمان بھی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے—اے ایف پی فوٹو۔

گزشتہ میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اس مرتبہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 14 رنز بناکر کرس سول کا شکار بنے۔

تاہم سرفراز کی وکٹ میں بولر سے زیادہ کردار اسکاٹش فیلڈروں کا تھا جنہوں نے مل کر ناقابل یقین کیچ کو ممکن بنایا۔

آگے آنے والے بلے باز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ حسین طلعت 17 جبکہ آصف علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کو اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز تھا۔

اس موقع پر شعیب ملک اور شاداب خان کے درمیان 54 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا۔

شعیب ملک نے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا—اے ایف پی۔

بالخصوص شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے پانچ چھکے بھی لگائے۔ شاداب خان نے 17 رنز بنائے۔

اسکاٹ لیںڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے تین، کرس سول نے دو جبکہ مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار گیند بازی پر عثمان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دی، جس میں کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست 49 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی جس پر انہیں میچ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

مزید خبریں :