دنیا
Time 13 جون ، 2018

'غیر قانونی ہجرت' کرنے والی بلغاریہ کی گائے 'سزائے موت' سے بچ گئی

سربیا کی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے والی گائے پینکا اپنے مالک کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ یورو نیوز

بلغراد: بلغاریہ سے سرحد عبور کرکے غیر یورپی یونین ملک سربیا کی حدود میں داخل ہونے والی گائے پینکا (Penka) بھرپور سوشل میڈیا مہم کے بعد بالآخر 'سزائے موت' سے بچ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلغاریہ کے سرحدی علاقے میں ایک پالتو گائے پینکا سرحد پار کرکے سربیا کی حدود میں بغیر اجازت داخل ہوگئی تھی، جسے سرحد کے پار سربیا کے لوگوں نے پکڑ کر دیکھ بھال شروع کردی۔

اس دوران گائے کے مالک نے سرحد پر موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جنہوں نے گائے کو سربیا کے دیہاتیوں سے لے کر مالک کے حوالے کردیا اور یوں گائے دوبارہ بلغاریہ پہنچ گئی۔

لیکن بلغاریہ کی انتظامیہ نے آئینی دستاویزات اور قانونی ضروریات پوری کیے گئے بغیر گائے کے سربیا کی سرحد عبور کرکے بلغاریہ میں داخلے کا سخت نوٹس لیا اور 'غیر قانونی ہجرت' کے قانون کے تحت سرحد عبور کرنے کے جرم میں اس گائے کو سزائے موت بھی سنا دی۔

اپنی نوعیت کا یہ منفرد فیصلہ سوشل میڈیا پر کئی روز تک زیر بحث رہا اور لوگوں نے اسے بیوقوفانہ قرار دیتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

جس کے بعد ایک برطانوی گلوکار  پال میک کارٹنی (Paul McCartney) کی جانب سے ایک آن لائن پٹیشن شیئر کی گئی جس پر گائے کی سزائے موت کے خلاف 30 ہزار سے زائد دستخط موصول ہوئے۔

اس پٹیشن کی نتیجے میں حکام کو پینکا کو ذبح کرنے کا فیصلہ واپس لینا پڑا اور اس کی جان بخشی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ سربیا یورپی یونین میں شامل نہیں جب کہ بلغاریہ یورپی یونین میں شامل ملک ہے، جہاں غیر یورپی یونین ممالک سے سخت اختلافات کے باعث امیگریشن کے سخت قوانین موجود ہیں۔

مزید خبریں :