نوازشریف اور مریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے


لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی کل لندن روانگی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کل لندن پہنچیں گےجہاں وہ 5 دن قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز لندن میں زیر علاج کلثوم نواز کے ساتھ عید منائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں لاہور کے ایوان عدل میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئیں جہاں انہوں نے ریٹرننگ افسر کو بتایا کہ کل صبح 9 بجے میری فلائٹ ہے اس لیے آپ کے پاس نہیں آسکوں گی۔

مریم نواز کے مؤقف پر ریٹرننگ افسر نے کہا کہ کل آپ نہ آئیں، اپنے وکیل کو بھیج دیں۔

ریٹرننگ افسر نےمریم نواز کو این اے 127 کے کاغذات کی جانچ پڑتال سے استثنیٰ دےدیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ میاں نوازشریف اور مریم نواز کل صبح لندن روانہ ہوں گے جس کے لیےٹکٹ بھی کنفرم کرلی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور کئی ماہ سے لندن میں زیر علاج ہیں جب کہ نیب ریفرنسز کی احتساب عدالت میں سماعت کے باعث نوازشریف اور مریم نواز لندن نہیں جاسکے ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نوازشریف کو لندن جانے کی اجازت دی تھی اور شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ ایک مہینے میں سنانے کا حکم دیاہے۔

مزید خبریں :