دنیا
Time 13 جون ، 2018

شمالی کوریا سے کسی قسم کے ایٹمی خطرات نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

شمالی کوریا کے پاس مسقبل کے لیے بہترین طاقت موجود ہے، امریکی صدر۔ فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا سے کسی بھی قسم کے ایٹمی خطرات نہیں ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک طویل سفر تھا لیکن میری ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے اب ہر کوئی خود کو زیادہ محفوظ تصور کر رہا ہے۔

’اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں ہے۔ کم جانگ ان کے ساتھ ملاقات مثبت اور دلچسپ تجربہ تھا۔ شمالی کوریا کے پاس مسقبل کے لیے بہترین طاقت موجود ہے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ’میرے ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے امریکی لوگ یہ تصور کر رہے تھے کہ ہم شمالی کوریا سے جنگ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ صدر اوباما نے کہا تھا کہ شمالی کوریا ہمارا سب سے خطرناک اور بڑا مسئلہ ہے۔ لیکن اب نہیں ہے، آج آرام سے سوجائیں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی تھی۔

ایک دوسرے کو دشمن سمجھنے والے ممالک کے سربراہان کے درمیان 67 برس بعد ہونے والی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی۔

ملاقات سے قبل دونوں رہنماؤں نے فوٹو سیشن بھی کرایا اور ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے معاہدے پر دستخط بھی کیے۔

مزید خبریں :