فیصل آباد:نجی اسپتال پرچھاپہ،گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں مصروف ڈاکٹرز گرفتار

19 سالہ گردہ ڈونر کو پانچ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی تھی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف ائی اے) نے گردوں کی غیر قانونی خریدو فروخت کی اطلاعات پر ایک نجی اسپتال پر چھاپہ مار کر غیر قانونی پیوندکاری میں مصروف ڈاکٹروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف ائی اے ساجد اکرام کے مطابق گزشتہ رات ستیانہ روڑ پر واقع ایک نجی اسپتال پر چھاپا مارا گیا۔

مریضہ اور ڈونر کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

ساجد اکرام کے مطابق اسپتال میں لاہور کی ایک 35 سالہ خاتون کو 19 سالہ نوجوان ابرار کا گردہ لگانے کے لیے آپریشن جاری تھا، جس کے لیے ڈونر ابرار کو پانچ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی تھی۔

چھاپے کے دوران آپریشن میں مصروف 2 ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ مریضہ اور ڈونر کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تاہم نجی اسپتال کا مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی ٹیم نے اسپتال کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔


مزید خبریں :