اینڈرائڈ موبائل میسجز اب ڈیسک ٹاپ پر بھی وصول اور بھیجے جاسکیں گے

اب اینڈرائڈ موبائل میسجز، ڈیسک ٹاپ پر آسانی کے ساتھ وصول اور بھیجے جا سکتے ہیں—. فوٹو/ بشکریہ گوگل

گوگل کمپنی صارفین کی سہولت کے پیش نظر مختلف اقدامات اٹھاتی رہتی ہے اور اب اس نے ایک نئی اَپ ڈیٹ متعارف کروائی ہے، جس کے تحت اینڈرائڈ موبائل پیغامات یعنی میسجز ڈیسک ٹاپ پر بھی آسانی کے ساتھ وصول اور بھیجے جا سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق گوگل آج سے اینڈرائڈ میسجز کے لیے ڈیسک ٹاپ کی خدمات فراہم کر رہا ہے، بالکل اُسی طرح جیسے واٹس ایپ اور آئی او ایس میسجز کے لیے ڈیسک ٹاپ کی سہولت موجود ہے۔

اب صارف چاہے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر یا آئی پیڈ استعمال کر رہا ہو، اسے صرف اینڈرائڈ میسجز ویب کو ڈیسک ٹاپ پر کھولنا ہوگا جس کے بعد کیو آر کوڈ موبائل سے اسکین کرکے چلانا ہوگا۔

اسکرین گریب—۔

 اینڈرائڈ میسجز ویب سے ٹیکسٹ، امیجز اور اسٹیکرز آسانی سے بھیجے جا سکتے ہیں۔

اینڈرائڈ میسجز ویب تمام براؤزرز پر کام کرسکتا ہے لیکن فی الحال یہ صرف چند اہم براؤزرز پر کام کرے گا، جن میں کروم، فائر فاکس، سفاری اور ایج شامل ہے۔

ڈیسک ٹاپ پر اینڈرائڈ میسجز ویب استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کا موبائل وائی فائی یا انٹرنیٹ سے ضرور کنیکٹ ہو، جبکہ گوگل نے مشورہ دیا ہے کہ وائی فائی کا استعمال موبائل ڈیٹا کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کمپنی نے اینڈرائڈ میسجز ویب کو متعارف کرنے کا اعلان رواں برس ماہ اپریل میں کیا تھا۔ 

مزید خبریں :