دنیا
Time 19 جون ، 2018

مقبوضہ کشمیر میں حکومتی اتحاد ٹوٹ گیا، وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی مستعفی

بی جے پی وزراء نے اپنے استعفے محبوبہ مفتی کو بھجوا دیے ہیں۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کا تین سالہ سیاسی اتحاد ٹوٹنے کے بعد کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذمے دار محبوبہ مفتی کی حکومت کو قرار دے کر حکومتی اتحاد ختم کر لیا۔

پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی رہنما اور مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ریاست میں گورنر راج نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارتیہ جنتہ پارٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں پی ڈی پی پر الزام لگایا کہ محبوبہ مفتی حکومت انتخابی وعدے پورے نہیں کر سکی اور امن قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

بی جے پی رہنما رام مادھیو کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور تشدد بڑھنے کی وجہ سے شہریوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے خطرے میں ہے جس کی مثال سری نگر میں سینیئر صحافی شجاعت بخاری کا قتل ہے۔

بی جے پی کے مطابق گورنر کے فیصلے کے بعد ریاست میں گورنر راج نافذ کیا جائے گا۔

بی جے پی وزراء نے اپنے استعفے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو بھیج دیے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ہی بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ وادی میں نام نہاد سیز فائر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فورسز کو کارروائیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں کشمیریوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی اور معزور کیا جا چکا ہے۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے بھی مقبوضہ کشمیر بھی بھارتی جارحیت کا اعتراف کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :