کھیل
Time 20 جون ، 2018

انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ناٹنگھم: انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف 481 رنز بناکر ون ڈے کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھی ون ڈے میچ میں 450 سے زائد رنز بنے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایلکس ہیلز نے 147 جبکہ جونی بیئرسٹو نے 139 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔

اس کے علاوہ جیس روئے 82 اور کپتان اوئن مورگن 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آسٹریلوی بولرز انگلش بلے بازوں کے ہاتھوں بالکل بے بس نظر آئے۔ بولر انڈریو ٹائی نے 9 اوورز میں 100 رنز دیے جبکہ جھائی رچرڈسن نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 92 رنز دیے۔

اس سے قبل انگلینڈ ہی کے پاس یہ ریکارڈ تھا جو اس نے 2016 میں پاکستان کے خلاف 444 رنز کی صورت میں بنایا تھا۔

اس میچ میں بھی ایلکس ہیلز نے پاکستانی گیند بازوں کی جم کر پٹائی کی تھی اور 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔

میچ میں وہاب ریاض نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 110 رنز دیے تھے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز کا تیسرا میچ ناٹنگھم میں کھیلا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ یہ میچ 242 رنز سے جیت گیا۔

یہ انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ کی سب سے بڑی فتح 210 رنز کی تھی جو اس نے 2015 میں نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل کی تھی۔

اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کو سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :