سندھ میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں: چیف جسٹس


کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سندھ میں پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں مٹھی تھرپارکر میں بچوں کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے سابقہ حکومت کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجی اسپتال کی رپورٹ کے مطابق بچوں کی اموات حکومت کی غفلت سے ہوئیں۔

جس طرح مراد علی شاہ کی کارکردگی ہےکیا وہ اگلا الیکشن بھی لڑرہے ہیں؟ 
چیف جسٹس پاکستان

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ سندھ میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہاں ہیں؟ وہ کراچی میں ہیں تو انہیں بلاکر کارکردگی کا پوچھیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس طرح مراد علی شاہ کی کارکردگی ہےکیا وہ اگلا الیکشن بھی لڑرہے ہیں؟ سندھ اور دیگر صوبوں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آتا ہے۔

سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو نے عدالت میں بتایاکہ چیف سیکریٹری میری سنیں تو میں کچھ کروں، سارا نظام تباہ ہے، اکیلا کیا کرسکتا ہوں؟

چیف جسٹس نے سیکریٹری صحت سے استفسار کیا کہ آپ سے اوپر کون ہے؟صوبے کے وزیراعلیٰ کے اوپر کون تھا؟ صوبے کے سب سے بڑے سے تو آپ کی رشتہ داری ہے،کیا انہیں صورتحال بتائی؟ غریبوں کے بچے مر گئے ان کا کیا کریں گے؟

سب ذمےداری آپ کی حکومت پرعائد ہوتی ہے: جسٹس ثاقب نثار

جسٹس ثاقب نثار نےسیکریٹری صحت سے مکالمہ کیا کہ سب ذمےداری آپ کی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔

اس موقع پر معاون عدالت نے بتایا کہ سندھ کو70 فیصد ڈاکٹر اور طبی عملے کی کمی کا سامنا ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کمی پوری کیے بغیر صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی۔

چیف جسٹس نے سیکریٹری صحت سے پوچھا کہ صوبے میں کتنے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کمی ہے؟ اس پر فضل اللہ پیچوہو نے بتایا کہ 6 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کی بھرتی کی سفارش کی ہے، مسئلہ یہ ہے کراچی سے کوئی ڈاکٹر تھرپارکر جانے کو تیار نہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیاکہ اب تک کیوں ڈاکٹرز اور عملے کو بھرتی نہیں کیا؟ اس کا ذمے دار کون ہے؟ اب عبوری حکومت کیا کرسکتی ہے؟ بتائیں ڈاکٹرز کی بھرتی میں ہم کیسےمعاونت کر سکتے ہیں؟ جن کے بچے مرے ان کی تلافی کون کرے گا؟

چیف جسٹس نے سیکریٹری صحت سے  مکالمہ کیا کہ آپ 5 ماہ سے کہہ رہے ہیں کام ہو جائے گا، کب بہتری آئے گی؟ 

عدالت کا تھرپارکر کیلئے ڈاکٹرز اور عملہ فوری بھرتی کرنے کا حکم

عدالت نے صوبائی پبلک سروس کمیشن کو ڈاکٹرز اور عملے کی فوری بھرتی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ میں ضلع تھرپارکر کے طبی عملے کی کمی کو پورا کیا جائے اور پبلک سروس کمیشن تھرپارکر میں ڈاکٹر اور عملے کی فوری بھرتی کے اقدامات کرے۔

ساتھ ہی عدالت نے سندھ حکومت کو 2 ماہ میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی فعال کرنے کا حکم دیا۔

محکمہ صحت کے اقدامات کی تحقیقات کیلئے سی ٹی ڈی کی کمیٹی قائم

دوسری جانب سپریم کورٹ نےایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی پر مشتمل کمیشن تشکیل دے دیا جسے محکمہ صحت کے اقدامات کی تحقیقات کرنےکاحکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ثناءاللہ عباسی ذمے داروں کا بھی تعین کریں اور 2 ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔

مزید خبریں :