شیخ رشید موٹرسائیکل پر اپنے حلقے میں انتخابی مہم کے لیے نکل پڑے


راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید موٹرسائیکل پر اپنے حلقے میں انتخابی مہم کے لیے نکل پڑے۔

شیخ رشید اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے حلقے میں نکلے اور ناشتے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوچ رہا ہوں قلم دوات کی جگہ موٹرسائیکل کا انتخابی نشان لے لوں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اعلان کیا کہ وہ انتخابی مہم کے آخری 10 روز موٹرسائیکل پر مہم چلائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آ کر نالہ لئی ایکپسریس اور غازی بروتھا پراجیکٹ مکمل کروں گا اور چوروں اور ڈاکوؤں کی لوٹی دولت واپس لاؤں گا۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ وہ انتخابات میں راولپنڈی کی دونوں نشستوں پر ریکارڈ ووٹ حاصل کریں گے اور قلم دوات اور بلا راولپنڈی سے تمام سیٹیں جیتے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمیں الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 62 راولپنڈی سے انتخاب لڑیں گے جنہیں تحریک انصاف کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ان دونوں نشستوں پر پی ٹی آئی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا۔ 

این اے 60 میں شیخ رشید کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی جب کہ این اے 62 میں بیرسٹر دانیال چوہدری سے ہوگا جو  سینیٹر  تنویر چوہدری کے صاحبزادے ہیں۔

نئی حلقہ بندیوں سے پہلے این اے 60 کا حلقہ این اے 55 تھا جہاں گزشتہ انتخابات میں شیخ رشید نے (ن) لیگی امیدوار شکیل اعوان کو شکست دی تھی۔

مزید خبریں :