دنیا
Time 01 جولائی ، 2018

نئی دہلی میں گھر سے 11 افراد کی لاشیں برآمد

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے کہ واقعہ اجتماعی خود کشی کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے۔ فوٹو: بشکریہ نیوز اسکائے

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک گھر سے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تمام افراد کی لاشیں نئی دلی کے علاقے براری کے ایک مکان سے ملیں۔

پولیس کے مطابق تمام افراد کی لاشیں مکان میں لٹکی ہوئی تھیں جب کہ ایک 75 سالہ خاتون کی لاش فرش پر پڑی تھی، تمام افراد کی آنکھوں پر پٹی بھی بندھی ہوئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 نوجوانوں سمیت 4 مرد شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ اجتماعی خود کشی کا واقعہ ہے یا پھر انہیں کسی نے قتل کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد سبزی فروش تھے اور ان کی دکان روزانہ صبح 6 بجے کھل جاتی تھی لیکن جب آج یہ دکان ساڑھے 7 بجے تک نہ کھلی تو ایک پڑوسی وجہ معلوم کرنے کے لیے گیا۔ 

اس نے دیکھا کہ گھر کی گرل کے ساتھ لاشیں لٹکی ہوئی ہیں جس پر اس شخص نے پولیس کو اطلاع دی۔

مزید خبریں :