دنیا
Time 05 جولائی ، 2018

امریکا اور کینیڈا میں ہیٹ ویو کے باعث 24 افراد ہلاک

کینیڈا میں رواں ہفتے آنے والے ہیٹ ویو کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 تک پہنچ چکی ہے —فوٹو: اے ایف پی

امریکا اور کینیڈا میں گرم موسم اور ہیٹ ویو کے باعث کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے۔

کینیڈا میں رواں ہفتے آنے والے ہیٹ ویو کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 تک پہنچ چکی ہے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ کیوبیک کے شہر مونٹریال میں ہوئی ہیں۔

مونٹریال میں ہیٹ ویو کی وجہ سے مزید 6 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

مونٹریال میں درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ کینیڈا کے وسطی اور مشرقی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

ملک بھر میں جمعے سے گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے مختلف علاقوں میں بھی شدید گرمی کی وجہ سے 5 افراد ہلاک ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق لاول اور موریسی کے علاقوں میں بھی ایک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کی موت واقع ہوئی ان کے گھروں میں ایئر کنڈیشنر کی سہولت موجود نہیں تھی اور وہ پہلے سے طبی مسائل سے دوچار تھے۔

خیال رہے کہ 2010 میں آنے والے ہیٹ ویو میں مونٹریال میں 100 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ امریکا میں بھی شدید گرمی کی وجہ سے اب تک پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

امریکا کے شہر نیویارک اور پنسلوانیا میں ایک خاتون سمیت 3 افراد گرمی کا شکار ہوگئے۔

کنساس سٹی میں بھی ممکنہ طور پر گرمی کی وجہ سے 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں۔

مزید خبریں :