دنیا
Time 07 جولائی ، 2018

برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل مقبوضہ وادی میں کشیدگی، 3 کشمیری شہید

بھارتی فوجیوں نے کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو 8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا—۔فوٹو/ بشکریہ کشمیر میڈیا سروس

سری نگر: کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی سراپا احتجاج ہے جبکہ ضلع کلگام میں قابض فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ حریت قیادت نے 8 جولائی کو برہان وانی کی برسی کے موقع پر آج اور کل وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ قابض انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور بھارت مخالف احتجاج اور مظاہرے روکنے کے لیے وادی میں پابندیاں نافذ کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔

دوسری جانب متعدد حریت رہنماؤں کو بھی گرفتار اور گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ مظاہروں میں شرکت سے روکنے کے لیے یہ کام کررہی ہے۔

علاوہ ازیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جھوٹے مقدمات کے سلسلے میں سری نگر سے نئی دلی منتقل کردیا، جہاں دلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی کو دو ساتھیوں سمیت 10 روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کے حوالے کردیا۔

یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو 8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔ 

مزید خبریں :