پاکستان
Time 10 جولائی ، 2018

کینیڈا میں پاکستان کی قومی زبان کو فروغ دینے والی 'سپر اردو موم'

کینیڈا میں پاکستان کی قومی زبان کو فروغ دینے والی’سپر اردو موم‘ تمانیہ جعفری—.ٖفوٹو بشکریہ/ سپر اردو موم 

پاکستانی نژاد کینیڈین خاتون تمانیہ جعفری، کینیڈا میں اردو زبان کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لیے اپنے بلاگ ’سپر اردو موم‘ کو مفید انداز میں بروئے کار لارہی ہیں۔

تمانیہ جعفری نے بلاگ ’سپر اردو موم‘ کا آغاز 3 سال قبل کیا تھا، جس کا اہم مقصد کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے بچوں کو اردو بول چال سے واقف کروانا اور انہیں ملکی ثقافت سے آشنا کرنا ہے۔

تمانیہ نے یہ بلاگ خاص طور پر والدین کی مشکلات حل کرتے ہوئے اُن چھوٹے بچوں کے لیے بنایا ہے جو زبان سیکھنے کے مراحل میں ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ بچے جو بچپن میں دو زبانوں کے درمیان پرورش پاتے ہیں، وہ اُن بچوں کی نسبت زیادہ ذہین ہوتے ہیں جو ایک زبان بولنے والے ماحول میں بڑے ہوتے ہیں ۔

ان کے مطابق دو زبانیں بولنے اور سمجھنے والے بچوں میں تخلیقی صلاحیتیں بھی زیادہ ہوتی ہیں۔

بشکریہ سپر اردو موم بلاگ—۔

تمانیہ فیس بک، بلاگ اور یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے والدین کو بتاتی ہیں کہ وہ بچوں کو اردو زبان کیسے سکھائیں اور بچے خود کیسے یہ زبان سیکھ سکتے ہیں۔

وہ کہتی ہیں، 'کینیڈا کے اسکولوں میں اردو زبان نہیں پڑھائی جاتی، لیکن گھر والوں کو چاہیے کہ وہ اردو میں بات کریں، بچوں کو ایسی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جس سے وہ اردو زبان سیکھ سکیں'۔

ان کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو گھر میں اردو نظمیں سنائیں، جہاں ان کے نام لکھے ہوں، وہیں ان کا اردو ترجمہ بھی لکھیں تاکہ بچے اپنا نام اردو میں لکھنا اور پڑھنا جان سکیں۔

علاوہ ازیں کسی تقریب وغیرہ کے انعقاد کے وقت بھی دیواروں اور بیک ڈراپ وغیرہ پر اردو جملے اور الفاظ لکھیں، جیسے سالگرہ مبارک، بہت شکریہ وغیرہ۔

تمانیہ اپنے بلاگ پر دیسی پکوانوں کی تراکیب بھی پوسٹ کرتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنے ملک سے دور رہنے کے باوجود بھی بچوں کو اردو زبان سکھانی چاہیے اور انہیں زبان و ثقافت کی اہمیت کے بارے میں معلومات دینی چاہیے تاکہ وہ  اردو زبان نہ آنے پر فخر نہ کریں۔  

مزید خبریں :