فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کی تشہیری مہم زور و شور سے جاری

علی ظفر، مایا علی، نیئر اعجاز، سیمی راحیل اور احمد کو اپنے درمیان پاکر لوگوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی— فوٹو: فائل 

لاہور: گلوکار علی ظفر اور مایا علی کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کی تشہیری مہم زوروشور سے جاری ہے۔ 

فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اور ریلیز سے پہلے سب سے اہم مرحلہ فلم کی تشہیر کا ہوتا ہے جس کے لیے اداکاروں کو طرح طرح کے اچھوتے انداز اپنانے پڑتے ہیں۔ 

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کی کاسٹ بھی تشہیر کے لیے لاہور کے مقامی شاپنگ مال پہنچ گئی جہاں مداحوں کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ اداکاروں کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔ 

علی ظفر، مایا علی، نیئر اعجاز، سیمی راحیل اور احمد کو اپنے درمیان پاکر لوگوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور چند ہی لمحوں میں شاپنگ مال میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی۔ 

فلم کے مرکزی کرداروں علی ظفر اور مایا علی نے اسٹیج پر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے خوب داد سمیٹی جب کہ مداح اپنے پسندیدہ اداکاروں کے ساتھ سیلفیز بناتے رہے۔ 

اس موقع پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ فلم دیکھنے آئیں، یہ میری نہیں، ہماری نہیں بلکہ آپ کی فلم ہے جب کہ سینئر اداکار نیئر اعجاز کا کہنا ہے کہ بیس جولائی کو فلم دیکھنے آئیں خوب انجوائے کریں گے۔

فلم کی تشہیر کے دوران ’طیفا ان ٹربل‘ کی شرٹس اور بینرز بھی بانٹے گئے۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ 20 جولائی کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :