پاکستان
Time 12 جولائی ، 2018

اگربچوں کو جیل بھیجا تو میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی، والدہ نواز شریف


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ شمیم اختر کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بچوں کو جیل بھیجا گیا تو وہ بھی ان کے ساتھ جیل جائیں گی۔ 

اپنے ویڈیو بیان میں نواز شریف کی والدہ نے کہا کہ پاکستان کا بیٹا میرا بیٹا ہے جس نے اسے روشن بنایا، کل وہ واپس آرہا ہے تاکہ میں پھر سے اس کا ماتھا چوم سکوں۔

شمیم اختر نے کہا کہ میرے بیٹے نواز شریف، مریم اور صفدر کے خلاف ناحق فیصلہ آیا، میں ان تینوں کو جیل جانے نہیں دوں گی، اگر جیل بھیجا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی۔

سابق وزیراعظم کی والدہ نے کہا کہ ان کا ایمان ہے یہ تینوں بے گناہ ہے اور اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت کرے گا، ظالموں کو خدا کے خوف اوراس کی پکڑ سے ڈرنا چاہیے۔

نواز شریف کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے خود فیصلے میں لکھا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو پھر میرے بچوں کو سزا کس بات کی دی جارہی ہے، صرف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے اور ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔ 

نیب نواز شریف کی گرفتاری کے لیے تیار

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کل لندن سے لاہور آنے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس سے قبل نیب نے ان کی گرفتاری کے لئے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے ہیں۔

نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام بھی کر لیا ہے۔

ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

مزید خبریں :