پاکستان
Time 12 جولائی ، 2018

لندن: ایون فیلڈ کے باہر جھگڑے کے بعد مریم اور حسین نواز کے بیٹے گرفتار


لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور ان کے بھائی حسین نواز کے صاحبزادے ذکریا حسین کو لندن میں ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جھگڑے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔

لندن میں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور حسین نواز کے بیٹے ذکریا اور مظاہرہ کرنے والے ایک شخص کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جنید صفدر اور ذکریا پر حملے کی کوشش کرتا ہے اور اس دوران اس نے انہیں چھتری بھی دے ماری، تاہم جنید صفدر  نے جھک کر اپنا بچاؤ کیا۔

جنید صفدر لندن پولیس کی حراست میں—۔ جیو نیوز

جس کے بعد آپس میں تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔

اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی اور آپس میں گتھم گتھا جنید، ذکریا اور اس شخص کو الگ کیا۔

پولیس کی موجودگی میں جنید صفدر نے موبائل فون نکالا اور کہا کہ 'مرد بنو اور اب بولو جو بولنا ہے'۔

جس کے بعد جنید صفدر کو پولیس نے نوجوان کو مکا مارنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی شخص پاکستانی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جنید صفدر کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہرموجود مظاہرین نے ان پر تھوکا، حملہ کرنے کی کوشش کی اور چھتری اٹھا کر پھینکی۔

لندن پولیس نے حسین نواز کے بیٹے ذکریا کی گرفتاری کی بھی تصدیق کردی۔

دوسری جانب جنید صفدر کی والدہ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر موجود پی ٹی آئی کے کارکن جب بھی جنید کو دیکھتے تھے تو گالیاں دیتے تھے اور کوئی بھی ہو گالیاں دینے پر رد عمل تو دیتا ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر گزشتہ چند روز سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حامی اور مخالفین کے درمیان نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

9 جولائی کو بھی ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا، اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے گھر میں داخلے کے وقت احتجاج کیا گیا جبکہ ان کے صاحبزادے حسین نواز کے فلیٹ کا دروازہ توڑنے کی بھی کوشش کی گئی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اعجاز گل پر ٹرالی بھی پھینکی گئی۔

اس سے اگلے ہی روز ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی اور نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے مسلم لیگ برطانیہ کے صدر ناصر بٹ اور تحریک انصاف کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس میں ہی نامزد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو احتساب عدالت اشتہاری قرار دے کر ان کا کیس الگ کرچکی ہے۔

مزید خبریں :