پاکستان
Time 13 جولائی ، 2018

آرمی چیف نے 12 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق ان دہشتگردوں کوفوجی عدالت نے سزا سنائی جن میں غنی رحمان، عبدالغازی، ضیاء الرحمان، جاوید خان، محمد زبیر، عمر نواز، ساجد خان، ہیبت خان، احمد شاہ، باز محمد، مومن خان اور سلیمان بہادر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ خطرناک دہشتگرد افواج پاکستان، تعلیمی اداروں اور ٹیلیفون ایکسچینج پرحملوں میں ملوث تھے جب کہ ان ہی دہشت گردوں نے بنوں اور ڈی آئی خان جیل پر حملے کیے تھے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ مجموعی طور پریہ دہشت گرد 7 شہریوں اور 92 سیکیورٹی اہلکاورں کے قتل میں ملوث ہیں جب کہ ان کے حملوں میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے۔

دہشت گردوں کے حملوں کی تفصیلات

آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم تنظیم کا دہشت گرد غنی رحمان بنوں اور ڈی آئی خان جیل پرحملوں میں ملوث تھا، دہشت گرد کے جیلوں پر حملے میں 2 پولیس اہلکار، 4 قیدی جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے جب کہ غنی رحمان کے دہشت گرد حملے میں کیپٹن فصیح سمیت 4 فوجی شہید اور 12 زخمی ہوئے۔

دہشت گرد عبدالغازی سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، اس کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد یوسف سمیت 7 فوجی شہید ور 2 زخمی ہوئے۔

دہشت گرد ضیاءالرحمان ایس پی خیرالحسیب سمیت 7 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا جب کہ دہشت گرد محمد زبیر سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا اور اس کے حملے میں کیپٹن سفیر خان سمیت 17 افراد شہیدہوئے تھے۔

دہشت گرد عمر نواز سیکیورٹی فورسز پر حملوں ملوث تھا، اس کے حملوں میں 15 فوجی اور 2 شہری شہید جب کہ 16 زخمی ہوئے، دہشت گرد ساجد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، اس کے حملوں میں 12 فوجی شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

دہشت گرد ہیبت خان سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، اس کے حملوں میں 16 فوجی شہید ہوئے جب کہ دہشت گرد احمد شاہ اے این پی رہنما میاں مشتاق اور 2 فوجیوں کے قتل میںٕ ملوث تھا۔

دہشت گرد باز محمد کے سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 2 فوجی جوان شہید ہوئے تھے جب کہ دہشت گرد مومن خان کے سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 3 پولیس افسران شہید اور ایک زخمی ہواتھا، مومن خان سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

دہشت گرد سلیمان بہادر کے سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے، سلیمان شہریوں کے گھروں پر حملے میں بھی ملوث تھا جب کہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا، ان دہشت گردوں کوفوجی عدالت نے سزائے موت کاحکم سنایا جب کہ فوجی عدالت نے 6 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں بھی سنائیں۔

مزید خبریں :